اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پیر کو زرعی شعبے کے لیے 1800 ارب روپے کے خصوصی پیکج کا اعلان کیا۔
پیکیج کے تحت چھوٹے کاشتکاروں کے لیے 10.6 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں،جبکہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے چھوٹے کاشتکاروں کو آٹھ ارب روپے دیے جائیں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ منصوبے کے تحت دیہی علاقوں میں رہنے والے بے روزگار نوجوانوں کو 50 ارب روپے کے قرضے دیئے جائیں گے، جبکہ ان قرضوں پر مارک اپ معاف کرنے کے لیے 6.5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
ڈی اے پی کی قیمت میں 2500 روپے فی بوری کی کمی ہوگی جس سے کسانوں کو 58 ارب روپے کا ریلیف ملے گا۔ سبسڈی کے بعد ایک تھیلے کی قیمت 11250 روپے رہ جائے گی۔
شریف نے کہا کہ تصدیق شدہ بیجوں کے 12 لاکھ تھیلے کسانوں میں تقسیم کیے جائیں گے، جن کی مالیت 13.20 ارب روپے ہے۔ رقم صوبائی حکومتیں بانٹیں گی۔
سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بے زمین کسانوں کو پانچ ارب روپے جبکہ زراعت سے متعلق چھوٹے اور درمیانے درجے کی صنعتوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 10 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے۔
ٹریکٹرز کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے، وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت استعمال شدہ، 5 سال پرانے ٹریکٹرز کی درآمد پر ڈیوٹی کم کر کے نصف کر دے گی۔ نئے ٹریکٹروں کی قیمتیں کم کرنے کے لیے حکومت برآمدی ناک آؤٹ کٹس پر ڈیوٹی 35 فیصد سے کم کرکے 15 فیصد کرے گی۔
یوریا کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے حکومت 30 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ انہوں نے کہا کہ 200,000 ٹن یوریا پہلے ہی درآمد کیا جا چکا ہے اور نصف ملین ٹن درآمد کا عمل جاری ہے۔
ملک میں گندم کے بحران پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت 2.6 ملین ٹن گندم درآمد کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1 لاکھ ٹن پہلے ہی درآمد کیا جا چکا ہے جبکہ 1.6 ملین ٹن گندم کی درآمد کی جارہی ہے
گزشتہ سال زراعت کے شعبے کے لیے 1400 ارب مختص کیے گئے تھے لیکن اس سال سیلاب سے فصلوں کی تباہی کے باعث مزید 400 ارب مختص کیے گئے ہیں۔
کھیتی باڑی کی لاگت کو کم کرنے کے لیے حکومت 300,000 ٹیوب ویلوں کو شمسی توانائی میں تبدیل کرنے کے لیے بلاسود قرضے فراہم کرے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کو پہلے ہی 88 ارب روپے کی مالی امداد فراہم کی جا چکی ہے جبکہ 70 ارب روپے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے فراہم کیے جائیں گے۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) خوراک، خیمے اور کمبل جیسی فوری امدادی اشیاء کی ترسیل کا انتظام کرے گی۔